دہشت اور فسطائیت کا دوسرا نام اسرائیل ہے،جماعت اسلامی سندھ

286
announced

کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے  کہ ناجائز صہیونی دہشتگرد ریاست کی جانب سے گذشتہ دو دن میں غزہ کی پٹی پر 15سے زائد فضائی حملوں کے نتیجے میں 06بچوں سمیت 24فلسطینیوں کی شہادت ہوئی ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز اور عالمی قوانین سے ماورا دہشگرد فوج آئے روز فلسطینیوں پر حملے کر کے ان کی املاک کوتہس نہس ،بچوں،خواتین اور نہتے فلسطینی نوجوانوں کو شہید کررہی ہے لیکن ان تمام مظالم پر  عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردارادا کرتی نظر آتی ہے جو باعث افسوس ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان  کا کہنا تھا کہ امریکا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں اس بربریت اور کھلی دہشتگردی پر مکمل خاموش تماشائی کردار ادا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ا ٓج ہم بحیثیت ِقوم کتنے بے حس ہوگئے ہیں اس کا اندازہ غزہ کے مسلمانوں پرفاشسٹ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں معصوم بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی شہادتوں پر ہماری اجتماعی بے حسی سے بخوبی لگایاجاسکتا ہے۔25لاکھ سے زائد فلسطینی جو غزہ کی پٹی میں گزشتہ سوا دوسال سے محاصرے کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

کاشف سعید شیخ کا کہنا تھا کہ  موت اور ہلاکت ان کے لئے اجنبی چیزنہیں ہے وہ اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر پوری امت کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن امت کے حکمران ظالم ریاست کو تسلیم کرنے اور القدس سے دستبردار ہونے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔بربریت،فسطائیت، دہشت کا دوسرا نام اسرائیل ہے جو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرکے فلسطین کی سرزمین پر قابض اور وہاں کے اصل باشندوں کی نسل کشی کررہا ہے لیکن اقوام عالم مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔