یومِ عاشور: گرین لائن بس سروس3دن کے لیے بند

347
green line

کراچی:کراچی میں یومِ عاشور کے موقع پر ٹیکنیکل بنیادوں پر گرین لائن بس سروس اتوار سے 3 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

گرین لائن بی آر ٹی ایس کے ترجمان کے مطابق عاشور کے سلسلے میں 7، 8 اور 9 اگست کو کراچی میں گرین لائن بس سروس کو بند کردیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ گرین لائن بس سروس کے آخری اور مرکزی اسٹیشن نمائش چورنگی کے قریب سے 3 دن تک محرم الحرام کے جلوس نکالے جاتے ہیں، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے یہ علاقہ مکمل طور پر سیل کر دیا جاتا ہے۔

ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ یومِ عاشور کے موقع پر سرکاری چھٹیوں اور امورِ زندگی معطل ہونے کے باعث مسافر بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام میں امن و امان کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق سندھ بھر میں 5 اگست سے 10 اگست تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خواتین، بچے، معذور افراد، بزرگ، صحافی، سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنی ہوں گے۔