جماعت اسلامی ہی ایماندار قیادت فراہم کرسکتی ہے، جاوید قصوری

294
provide leadership

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے گزشتہ روز صوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ایماندار قیادت فراہم کرسکتی ہے۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ اداروں کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔ منفی اور گھنائونا پروپیگنڈا ملکی سلامتی پر حملہ ہے۔ اس کا تدارک ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا کی پروپیگنڈا مہم کے پیچھے کونسی طاقتیں کارفرما ہیں۔،ان کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک و قوم اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب زدگان کے حوالے سے محض کاغذی کاروائی کررہی ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نصر اللہ گورائیہ،وقاص بٹ ، سردار ظفر حسین خان ، ذکر اللہ مجاہد، محبوب الزمان بٹ ،رانا تحفہ دستگیر ،رانا انیس الرحمان ،مدثر شاہ ،عارف محمود ،رائو اختر ،صوفی محمد اقبال، رانا عبد الوحید و دیگر بھی موجود تھے۔

ان کاکہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار شب ور وز امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، حکومت کی جانب سے لوگوں کے نقصانات کا ازالہ نہیں کیا جارہا ۔ فصلیں تباہ اور گھر منہدم ہوچکے ہیں۔ گھروں کے مکین، خیمہ بستیوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ حکمران بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں سیاست سیاست کھیل رہے ہیں۔کسی کو بھی عوام کی مشکلات سے کوئی غرض نہیں۔ معاشی استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈر کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی چوروں کی فہرست میں شامل نکلے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کی حکومت نے 11سو سے زائد سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو 25ہزار روپے ماہوار تنخواہ پر بھرتی کرلیا ہے۔ جس سے خزانے کو دو کروڑ 75لاکھ اور سالانہ تین ارب تیس کروڑ کا نقصان ہوگا۔ ان کے کام صرف تحریک انصاف کی خدمت کرنا ہوگا۔