بھارت  میں مہنگائی مارچ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی گرفتار

500

بھارت میں مہنگائی کے خلاف کانگریس کے احتجاجی مارچ پر پولیس نے دھاوا بول دیا، راہول اور پرینکا گاندھی سمیت کئی رہنما دھرلئے گئے.

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راہول گاندھی کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس سے راشٹرپتی بھون تک مہنگائی مارچ کی قیادت کررہے تھے کہ وجے چوک پولیس نے انہیں روک لیا،کانگریس رہنمائوں نے پولیس حصار کو توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اسی دوران پولیس نے لاٹھی چارج کرڈالا اور راہول اور پریانکا گاندھی سمیت کئی رہنمائوں کو گرفتار کرلیا.

مہنگائی مارچ کے آغاز پر راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں سچ بولتا ہوں تو میرے پیچھے ایجنسیاں لگا دی جاتی ہیں، لیکن میں سچ بولنے سے نہیں ڈرتا، میں جتنا سچ بولوں گا، مجھ پر اتنے ہی حملے ہوں گے لیکن میں ان سے نہیں ڈرتا.

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں جمہوریت کی موت ہوچکی، جو اس ملک میں ستر سالوں میں بنایا گیا تھا اسے آٹھ سال میں ختم کردیا گیا، آج ہندوستان میں جمہوریت نہیں ہے بلکہ چار لوگوں سلطنت بن گئی.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مہنگائی، بے روزگاری، سماج کو تقسیم کرنے پر پارلیمنٹ میں بحث کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں بولنے نہیں دیا جاتا بلکہ ہمیں گرفتار کیا جاتا ہے۔