لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بے گناہ قرار دیدیا

393

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور دیگر کو بے قصور قرار دے دیا ۔

جمعہ کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، شفقت محمود سمیت دیگر ملزمان کے خلاف لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام پر بنے کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت میں عدالت نے نامزد ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔ کیس میں نامزد ملزمان پر لاہور کے علاقے تھانہ گلبرگ، شفیق آباد اور شاہدرہ سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ آج ہونے والی سماعت میں تفتیشی افسران نے عدالت کے روبرو ریکارڈ پیش کیا۔ عدالت نے سماعت کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، شفقت محمود، محمود الرشید، اعجاز چوہدری، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر ملزمان کو تفتیش میں بے قصور قرار دے دیا۔

اس موقع پر پولیس کی جانب سے بھی اپنی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملزمان تفتیش میں بے قصور ثابت ہوئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ جس کے بعد ملزمان کی جانب سے دائر کی گئیں ضمانتیں واپس لے لی گئیں۔

ملزمان نے پولیس کی رپورٹ کی روشنی میں ضمانتیں واپس لی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے گرفتاری کے خوف سے عبوری ضمانت کروائی گئی تھیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شفیق آباد ،شاہدرہ ،گلبرگ اور بھاٹی گیٹ میں مقدمات درج تھے۔