تین ماہ میں 214ارب کی ادائیگیاں کرکے گردشی قرضے کم کیے، حکومت

421

اسلام آباد: سینیٹ کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ تین مہینوں میں ہم نے 214ارب کی ادائیگیاں کرکے گردشی قرضے میں کمی کی ہے۔ گردشی قرضے میں مزید کمی آئی گی۔

تفصیلات کے مطابق31مارچ 2022کو گردشی قرضہ2467ارب روپے کا تھا، 1467ارب روپے چار سال میں اضافہ ہوا،30جون کو گردشی قرضہ2257ارب روپے تھا۔ اس وقت گیس کا گردشی قرضہ1500ارب کا ہے، مہمند ڈیم پر کام ہو رہا ہے، ڈیم2026میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزراءانجینئر خرم دستگیر، مصدق ملک اور شہادت اعوان نے ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی صدارت میں ہوا، وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ 31مارچ 2022کو گردشی قرضہ2467ارب روپے کا تھا، 1467ارب روپے چار سال میں اضافہ ہوا، تین مہینوں میں ہم نے 214ارب کی ادائیگیاں کرکے گردشی قرضے میں کمی کی ہے،30جون کو گردشی قرضہ2257ارب روپے تھا، گردشی قرضے میں مزید کمی آئی گی۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات بہت حد تک حل ہو گئے ہیں۔سینیٹر بہرہ مند تنگی کے ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے قانون شہادت اعوان نے کہاکہ مہمند ڈیم پر کام ہو رہا ہے اگر کام چلتا رہا تو ڈیم2026میں پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا،2026تک اس کو مکمل کرنا ہے۔

سینیٹر بہرہ مند تنگی کے ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ زیادہ چوریاں ایس این جی پی ایل میں پکڑی جارہی ہیں، ایس ایس جی سی یہ کاروائیاں نہیں کر رہا، ٹوٹل گیس جو یو ایف جی کی شکل میں چلی جاتی ہے، ایس ایس جی سی میں اس وقت 16فیصدیو ایف جی ہے جبکہ ایس این جی پی ایل میں 8فیصد یو ایف جی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت گیس کا گردشی قرضہ1500ارب کا ہے، گردشی قرضہ دو محکموں کا چار ہزار ارب روپے ہے۔