پی ٹی آئی نواز شریف کی وطن واپسی کیلیے عدالت سے رجوع کرے گی؟

303

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس وقت جو سیاسی پوزیشن ہے، میرے خیال میں تمام سیاسی جماعتیں اگر بیٹھ کر خود آپس میں بات کرلیں تو بہتر ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کا ایک سیاسی کردار  رہا ہے لیکن فی الحال سیاسی جماعتوں کو میچیورٹی دکھانی چاہیے۔ اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہیے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جماعتوں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ شہباز شریف  پر منحصر ہے کیونکہ اس وقت وہ وزیراعظم ہیں۔ ان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں تو ظاہر ہے بات چیت شروع ہو جائے گی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی 2 صوبوں میں اپنی حکومت ہے، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے اور سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، اگر آپ نے  چاروں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کے لیے کہہ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک جرم ہے۔