پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس جمع کرانے کے بعد واپس لے لیا

169

اسلام آباد: تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں دائر ریفرنس رجسٹرار آفس پہنچنے کے بعد واپس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ریفرنس واپس لینے کی وجہ، اُس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ تبدیل ہونےکے نکات شامل کرنے کا فیصلہ ہے جب کہ ریفرنس میں مزید قانونی پہلوؤں کو بھی اجاگرکیا جائےگا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے اس سلسلے میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکے خلاف ریفرنس کو اس لیے روکا ہے کہ  مزید شواہد ساتھ لگائے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں ردو بدل کیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ردو بدل کے نکات ڈال کر دوبارہ ریفرنس دائر کریں گے۔

قبل ازیں تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس آج ہی دائر کیا تھا۔ بابر اعوان کے ذریعے دائر ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر جان بوجھ کر بد انتظامی کر رہے ہیں اور آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہے۔