قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

1320

جس کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ اْن لوگوں کو جو اس کی رضا کے طالب ہیں سلامتی کے طریقے بتاتا ہے اور اپنے اذن سے اْن کو اندھیروں سے نکال کر اجالے کی طرف لاتا ہے اور راہ راست کی طرف ان کی رہنمائی کرتا ہے۔ یقینا کفر کیا اْن لوگوں نے جنہوں نے کہا مسیح ابن مریم ہی خدا ہے اے محمدؐ! ان سے کہو کہ اگر خدا مسیح ابن مریم کو اور اس کی ماں اور تمام زمین والوں کو ہلاک کر دینا چاہے تو کس کی مجال ہے کہ اْس کو اِس ارادے سے باز رکھ سکے؟ اللہ تو زمین اور آسمانوں کا اور اْن سب چیزوں کا مالک ہے جو زمین اور آسمانوں کے درمیان پائی جاتی ہیں، جو کچھ چاہتا ہے پیدا کرتا ہے اور اس کی قدرت ہر چیز پر حاوی ہے۔ (سورۃ المائدۃ16:تا17)

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی تمہاری تین باتوں سے راضی ہوتا ہے اور تین باتوں کو ناپسند کرتا ہے جن باتوں سے راضی ہوتا ہے وہ یہ ہیں کہ تم اس کی عبادت کرو اوراس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو اوراللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھامے رکھواور متفرق نہ ہو،اور اللہ تعالیٰ فضول بحث کرنے ،بکثرت سوال کرنے ،اورمال ضائع کرنے کو ناپسند فرماتے ہیں۔
(صحیح مسلم)