حکومت ریڈ زون کی آڑ میں احتجاج روکنے کی جرات نہ کرے، واثق قیوم

282
red zone

راولپنڈی: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے ممنوعہ فندنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خلاف میرٹ اور جانداری پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمر ان خان کی کال پر جمعرات الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کیا جائے گا ریڈ زون میں داخلے پر پابندی کی آڑ میں حکومت احتجاج روکنے کی جرات نہ کرے۔

واثق قیوم عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے نام ای سی ایل میں ڈالے یا نہ ڈالے ہم میں سے کوئی ملک چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہا تحریک انصاف کا ہر رکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہم یہاں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گے۔عوامی تحریک کے احتجاج میں بے گناہوں پر گولیاں برسانے اور قتل عام کرنے واقعہ کی تحقیقات کے لئے وزیر اعلیٰ نے خصوصی کمیٹی بنا دی ہے اسی ٹائم پیریڈ میں بے گناہوں کے قتل پر رانا ثنا ءاللہ کو جیل بھجوائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی بدحالی اور سیاسی جمہوری بحران کا واحد حل آزاد، غیر جانبدارانہ، شفاف اور فوری انتخابات ہیں ہمارے اختیارات یکجا نہیں ہیں اگر ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کر دیں تو بہتری پھر بھی ممکن نہیں ہماراپہلا مطالبہ اوراعتراض چیف الیکشن کمشنر کی فوری تبدیلی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام پنجاب ہاﺅس راولپنڈی میں تحریک انصاف کے ایگزیکٹو کونسل اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔