نیدر لینڈ اور ٹی20 ایشیاکپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا

218

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیدر لینڈ اور ٹی20 ایشیاکپ کیلئے قومی اسکواڈز کااعلان کردیا گیا ہے۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل نیدر لینڈز کے خلاف تین میچز کے لیے 16 جبکہ اے سی سی ٹی20 ایشیاکپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے میچز میں ٹیم کی قیادت کپتان بابر اعظم کریں گے جبکہ بقیہ کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان اور محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز نواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ نسیم شاہ کو قومی ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل اسکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ سلمان علی آغا کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی دونوں اسکواڈز میں شامل ہیں تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو اور ٹرینر نیدرلینڈز میں شاہین آفریدی کے ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعد ان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔