بجلی بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ کم ہوجائیں گے، پارلیمانی سیکریٹری

353

اسلام آباد: قومی اسمبلی میںپارلیمانی سیکرٹری برائے بجلی رانا ارادت علی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے ماہ سے بجلی کے بلز میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کم ہونا شروع ہوجائیں گے۔

بجلی بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی اضافی رقم کے خلاف توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔ نوٹس جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے پیش کیا۔مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ چترال میں ایک بل 2500روپے کا آیا ہے جس میں 1800روپے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگائے گئے ہیں۔

 بجلی کمپنیاں ہر ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھاری بھرکم رقم بٹور لیتی ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری بجلی رانا ارادت علی نے جواب دیا کہ یہ درست ہے بجلی بلوں میں اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ زیادہ وصول کیا ہے، اگلے ماہ سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کم ہونا شروع ہوجائیں گے۔

 اگر فیول ایڈجسمنٹ سرچارج وصول نہ کریں تو سرکلر ڈیٹ بڑھ جائے گا۔جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی کہا کہ غریب لوگوں کی مختلف بجلی ٹیکسوں سے کمر توڑی جارہی ہے ، کراچی کے عوام کے لئے بجلی مزید زیادہ مہنگی کردی گئی ہے۔