عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کے لئے طلب کرلیا

338

لاہور کی خصوصی عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلیمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

اسپیشل سینٹرل عدالت نے گزشتہ سماعت کا 9 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کے مقولہ اور غیر منقولہ ملکیتی اثاثے قرق کردیے ہیں۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کی چنیوٹ میں 200 کنال زرعی اراضی قرق کردی گئی ہے، اور ان کی قرقی کا آرڈر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو بھیج دیا گیا ہے۔

عدالت نے سلیمان شہباز کے 13 کمپنیوں کے شیئرز اور 29 بینک اکانٹس کو بھی قرق کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ تفتیشی افسر سلیمان شہباز کی دیگر جائیدادوں کی تفصیلات بھی عدالت کو پیش کرے۔

عدالت نے وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔