کراچی میں تاجر کے قتل کا معما حل ہوگیا، اہلیہ اور اس کا بھائی ملوث نکلے

439

کراچی: بہادر آباد کے علاقے میں تاجر کے قتل کا معما پولیس نے حل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس نے اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 26 جولائی کی رات بہادرآباد کے علاقے سے فلیٹ کے اندر سے لاش برآمد ہوئی تھی، جس کا گلا کٹا ہوا تھا جب کہ ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے۔ مقتول کی شناخت مقامی تاجر رضوان سوریا کے نام سے ہوئی تھی، جسے نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے سے قتل کردیا تھا۔

مقدمہ درج کیے جانے کے بعد تحقیقات کے آغاز میں پولیس نے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لیا، تاہم ٹھوس ثبوت نہ ملنے پر اسے چھوڑ دیا گیا۔ بعد ازاں تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پولیس نے مختلف موبائل نمبروں کا ڈیٹا حاصل کیا، جس کے بعد مقتول کی اہلیہ اور برادر نسبتی پر شک ہوا۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران خصوصی طور پر برادر نسبتی عمران کی نگرانی کی گئی، اور مقتول رضوان سوریا کی اہلیہ نورین اور اُس کے بھائی عمران کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نورین اور عمران کا رضوان سوریا سے جائیداد کا تنازع تھا جب کہ انہیں رضوان کی دوسری شادی کا بھی علم ہوگیا تھا، جس کا اہلیہ نورین کو رنج تھا۔

واضح رہے کہ  مقتول رضوان کے نورین سے 4 بچے ہیں۔