الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پی ٹی آئی بے نقاب ہو گئی، سراج الحق 

325
exposed

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ سے پی ٹی آئی بے نقاب ہو گئی اور اس کا صاف چلی شفاف چلی کا بیانیہ بھی ٹھس ہو گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آٹھ برس تک اس سیدھے کیس کو لٹکانے کی وجہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ الیکشن کمیشن یہ فیصلہ بروقت کرتا تو پی ٹی آئی 2018 میں اقتدار میں نہ آتی۔ اب فیصلہ آنے کا مطلب یہ ہوا کہ اگر ایک پارٹی حکومت میں ہے تو وہ احتساب سے بالاتر ہے۔ ثابت ہوا جماعت اسلامی کا موقف درست ہے کہ تینوں بڑی نام نہاد سیاسی جماعتیں مافیاز کے کلب ہیں۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچانے، بے روزگاری اور مہنگائی کی ذمہ دار وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی پارٹیوں کو خیرباد کہہ کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ وہ کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام پروگرام حال احوال میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔امیر جماعت نے اس موقع پر بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

حکومت کی جانب سے قومی اداروں کی فروخت کے فیصلے اور قوانین میں تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے امیر جماعت نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ملکی اثاثے بیچنے کے عمل کو ہرگز قبول نہیں کرے گی اور اس کے خلاف پارلیمنٹ، گلی کوچوں سمیت ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا۔

ان کا کہناتھا کہ حالیہ متعارف کروائے گئے قوانین کے مطابق قومی اداروں کی خریدوفروخت کے عمل کو عدالتوں سمیت کسی فورم پر چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔ جماعت اسلامی قوانین میں تبدیلی پر عدالت میں جائے گی اور پاکستان برائے فروخت کرنے والوں کے احتساب کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔ حکومت نے بجٹ میں چار ارب ڈالر کے خسارہ کو کم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کے دبا پر ملکی اثاثے بیچنے کا فیصلہ کیاہے۔ قومی اداروں کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کی بجائے حکمران ٹولہ لوٹ مار سے بنائے گئے اپنے اثاثے بیرون ملک سے پاکستان لائے۔ سپریم کورٹ پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ بنکوں سے اربوں روپے قرضے لے کر معاف کروانے والی طاقتور اشرافیہ کا احتساب کیا جائے۔ قومی اداروں کو تباہ کرنے والوں کا تعین کر کے انھیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ عوام حکومتی فیصلوں سے لاتعلق ہیں۔ ملک کی تقدیر کے فیصلے آئی ایم ایف کے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ سود سمیت قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضے لیے جا رہے ہیں۔ معیشت کی بہتری کے لیے سودی معیشت کا خاتمہ ضروری ہے۔