وفاقی وزیر اطلاعات نے عمران خان سے پارٹی قیادت چھوڑنے کا مطالبہ کردیا

266

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی کی قیادت چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عمران خان کے خلاف جرائم کی تصدیق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چور، جھوٹا، فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر 8 سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں،  پارٹی چیئرمین کے عہدے سے فوری استعفا دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے ۔ عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے مہر لگا دی ہے ۔ عمران خان نے اسرائیل،  بھارت، امریکا، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی اور پاکستان میں فتنہ برپا کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جانتے بوجھتے ہوئے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 غیرملکیوں سے فارن فنڈنگ لی، جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے ، 13 غیرقانونی بینک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمیشن سے چھپاتا رہا ۔ عالمی فراڈیوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔ جان بوجھ کر اپنے 4 ملازمین طاہر اقبال ، محمد نعمان افضل ، محمد ارشد، محمد رفیق کے نام پر پیسے  منگوائے ۔