حکومت پنجاب، اورنج ٹرین کیلیے ایک سال میں 7 ارب روپے کی سبسڈی

288
Orange Train

لاہور: پنجاب حکومت کو ایک سال میں اورنج ٹرین چلانے کیلئے7ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دینی پڑی ،ایک مسافر کو سالانہ سفری سہولیات دینے پر 29 کروڑ 9 لاکھ روپے اخراجات آئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سامنے آنے والی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا کہ اورنج ٹرین نے گزشتہ مالی سال میں سرکاری خزانے سے 8 ارب 41 کروڑ 76 لاکھ 30 ہزار روپے خرچ کیے، پنجاب حکومت کو ایک سال اورنج ٹرین چلانے کے لیے 7 ارب 25 کروڑ 98 لاکھ 50 ہزار روپے کی سبسڈی دینی پڑی ،ٹرین کو روزانہ چلانے کے لیے ایک کروڑ 98 لاکھ روپے روزانہ کی سبسڈی دینا پڑی۔

رپورٹ کے مطابق اورنج ٹرین کا ایک دن کا آپریشن چلانے کے لیے سرکاری خزانے سے 2 کروڑ 30 لاکھ 62 ہزار روپے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ اورنج ٹرین نے ایک سال میں صرف ایک ارب 15 کروڑ 77 لاکھ روپے کے محصولات اکٹھے کیے۔ ایک سال کے دوران اورنج ٹرین میں2کروڑ 80 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، ایک مسافر کو سالانہ سفری سہولیات دینے پر 29 کروڑ 9 لاکھ روپے اخراجات آئے جس پر حکومت کو 25 کروڑ 9 لاکھ روپے کی سبسڈی دینا پڑی ۔