چینی دھمکی نظرانداز، امریکی اسپیکر پارلیمان نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں

491

تائی پے: چین کی جانب سے دھمکی دیے جانے کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر تائیوان پہنچ گئیں۔ نینسی پلوسی 25 سال میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی اعلیٰ سطح کی امریکی شخصیت بن گئیں۔

نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر دارالحکومت تائپی میں 101 اسکائی سکرائپر ٹاور پر انگریزی اور چینی زبان میں ویلکم میسج ، تھینک یو، ویلکم یو ایس ان تائیوان، ویلکم  اسپیکر پلوسی جیسے الفاظ نشر کیے گئے۔ نینسی پلوسی اپنے وفد کے ہمراہ آج تائیوان میں مصروف وقت گزاریں گی اور صبح روانہ ہوجائیں گی۔ وہ اپنے دورے میں تائیوان کی صدر سے ملاقات کریں گی جس میں باہمی امور کی دلچسپی سمیت خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان گئیں تو یہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت تصور کی جائے گی۔ چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا تھا کہ اگر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چین اپنی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع پر مجبور ہوگا اس لیے امریکا آگ سے نہ کھیلے۔ اس کے خوفناک نتائج نکلیں گے۔