کامن ویلتھ گیمز:بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی خواتین ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

468

برمنگھم: برطانیہ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی خواتین ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی خواتین ٹیم 18 اوورز میں 99 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس طرح حریف ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں سو رنز کا ہدف ملا۔

قومی خواتین ٹیم کی منیبہ علی 32 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں اورعالیہ ریاض 18، کپتان بسمہ معروف 17، ارم جاوید صفر، عمیمہ سہیل 10، فاطمہ ثناء 8، ڈیانا بیگ صفر، عائشہ نسیم 10، طوبیٰ حسن ایک اور کائنات امتیاز 2 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئیںکوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا۔بھارت کی سنیہ رانا اور رادھا یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے 100 رنز کا ہدف 11.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ہے۔بھارت کی جانب سے اوپنگ بلے باز سمتری مندھانہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت نے پاکستان کو ہرا کر 2 قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔