اسپیکر پنجاب اسمبلی کا الیکشن دوبارہ کرایا جائے، مسلم لیگ ن کا مطالبہ

393

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن  کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے   مطالبہ کیا   ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا الیکشن دوبارہ کرایا جائے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب شفاف نہیں ہوا، یہ غیرقانونی ہے، بیلٹ پیپر پر سیریل نمبر درج کر کے کھلی دھاندلی کی گئی ہے، آئین کے تحت سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوتا ہے۔

 رہنما پاکستان مسلم لیگ ن عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  یہ تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے کہ 197 ووٹوں والا امیدوار وزیراعلی نہیں رہتا اور آج جو وزیراعلی ہے اس کے ووٹوں میں 10 ووٹوں کا اضافہ کر دیا جاتا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہ انصاف کا دہرا معیار ہے کہ بیلٹ پیپر کے دونوں پرتوں پر سیریل نمبر درج تھے جو کہ چوہدری پرویز الہی کا یہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک جوڈیشل آرڈر کے تحت 25 ووٹ مائنس کر کے ایک وزیر اعلی کو ہٹا کر دوسرا لگا دیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چوہدری پرویز الہی نے 700 سے زائد افراد کو غیر قانونی بھرتی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بندہ جو کہتا ہے اتنی سی منی لانڈرنگ ہی تو کی ہے کوئی ڈاکہ تو نہیں ڈالا تو میں انہیں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ گوگی اور اسکے خاوند کی کرپشن ایک طرف ہے لیکن آپ کو ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کا جواب بین الاقوامی سازش نہیں ہے اور نہ  کوئی مذہبی ٹچ چلے گا، فتنہ خان نیازی آپ نے رسیدیں دینی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ساڑھے 4 سال سے ایک پائی کی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی۔