اقتصادی بحران پر قابو پانا اتحادی حکومت کے بس کی بات نہیں، لیاقت بلوچ

438
rogue state

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتصادی بحران پر قابو پانا تنہا اتحادی حکومت کے بس کا روگ نہیں۔

بلوچستان اور سندھ دورہ سے لاہور واپسی پر منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بڑا وسیع علاقہ بری طرح متاثر ہوگیا ،انسانی جانیں سیلاب برد ہوگئیں اور لاکھوں انسان بے سروسامانی کا شکار ہیں،ناقص تعمیرات کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرین کی امداد میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی ہیں،شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی تباہ حال ہوگیا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں،سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کا سونامی پھیل گیا ہے.،شدید بارشوں سے عوام متاثر ہوئے اور نااہل، کرپٹ، انسان دشمن حکمران بے نقاب ہوگئے،سیاست سے بالاتر ہوکر سیلابی ریلوں سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کی جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان سرکار کی اقتصادی شاہراہ پر بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے اتحادی حکومت تباہ ہوگئی، عوام کو بدحال کردیا گیا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی منڈی کے مقابلہ میں عوام کو بہت کم ریلیف دیا گیا ہے،حکومت کا آئی ایم ایف کے سامنے سرنگوں ہونا صریحا ًرسوائی ہے،پیداواری لاگت کے ناقابل برداشت اضافہ، ڈالر کی ہوشربا قیمت اور درآمدات، برآمدات کے فرق نے صنعتی پہیہ جام کردیا ہے۔

انہوں نے کہ تاجر برادری دیوالیہ ہورہی ہے، بے روزگاری کا لشکر مسلسل بڑھتا جارہا ہے،اقتصادی بحران پر قابو پانا تنہا اتحادی حکومت کے بس کا روگ نہیں ،حکومت قومی ڈائیلاگ اور تاجروں، صنعت کاروں کے منتخب اداروں اور قیادت کے ساتھ معنی خیز مذاکرات کے ذریعے متفقہ لائحہ عمل بنائے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں صرف اور صرف حکومتوں کے حصول پر جشن منارہی ہیں،انہیں عوام کی بدحالی سے کوئی سروکار نہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مجلس قائمہ سیاسی امور کا اجلاس 2 اگست 2022 کو منصورہ میں ہوگا. مرکز، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب سے ممبران شریک ہونگے،ملک کی سیاسی، آئینی، پارلیمانی اور اقتصادی بحرانوں پر تبادلہ خیال ہوگا اور آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل تجویز کیا جائے گا،مجلس قائمہ سیاسی امور سیاسی بحرانوں کا روڈمیپ طے کرے گی اور ملک گیر رابطہ عوام مہم کی تفصیلات دی جائیں گی۔