حکمران ہر محاذ پر ناکام ہیں، عوام سیلاب متاثرین کی مدد کریں، جاوید قصوری

311

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سیلاب سے لوگ مررہے ہیں ۔ پنجاب ، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سینکڑوںدیہات زیر آب آچکے ہیں۔ کوئی بھی پرسان حال نہیں ۔

جاوید قصوری نے کہاکہ متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جارہی ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں اپنے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر امدا د کریں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ متعدد علاقوں میں پل، سڑکیں، مال مویشی اور گھر بہہ گئے ، بستیاں ڈوب گئیں۔ فصلیں ، باغات تباہ و برباد ہوگئے ہیں۔ گھروں کے مکین خیموںمیں رہنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے اور حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان لوگوں کو عوام کا دکھ درد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضاکار سیلاب متاثرین کی شب و روز خدمت میں مامور ہیں۔ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والوں کو اس وقت قوم کی ضرورت ہے۔ ہزاروں کاشتکار فصلوں کی تباہی سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ جب اضافہ کرنا ہوتا ہے تو25روپے تک ایک ہی وار میں بڑھادیا جاتا ہے، اور کمی دو تین روپے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر عوام کو حقیقی معنوںمیں ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو ساری توجہ عوام کے مسائل پر مرکوز کرے، باہمی نفرتوں ، داخلی انتشار اور افراتفری کا براہ راست نقصان ملک و قوم کو ہورہا ہے۔