50 فیصد ڈیم فل ہو گئے، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن

294
Water crisis

اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن احمد کمال نے کہا ہے کہ اس وقت 50فیصد کے قریب ہمارے ڈیم فل ہو گئے ہیں جبکہ جس وقت بارشوں کا سیزن شروع ہوا تھاتواس وقت ڈیموں میں بمشکل ایک یا دوفیصد پانی موجود تھا۔ 80فیصد تربیلا ڈیم بھر گیا ہے جبکہ 26سے27فیصد منگلا ڈیم بھر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم آنے والے 10سے15روز میں 100فیصدبھر جائے گا۔ تربیلا ڈیم کا بھرنا اچھی بات ہے، ہماری کل پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت13.4ملین ایکڑ فٹ ہے جبکہ اس وقت ہم تقریباً ساڑھے 6ملین ایکڑ فٹ کے اوپر بیٹھے ہوئے ہیں، جب تک ہمارے ڈیموں میں پورا پانی نہیں ہو گا ہم آنے والے دنوں میں صوبوں کی پانی کی ضروریات کو پورا نہیں کرسکتے۔

ان خیالات کا اظہار احمد کمال نے سرکاری ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ احمد کمال نے کہا کہ رواں سال محکمہ موسمیات نے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی تھی اور وہ ہم دیکھ بھی رہے ہیں، پہلے توہمارا ریورسسٹم ٹھیک تھا لیکن گزشتہ ایک ہفتے سے ہم دریائوں میں نچلے درجہ کے سیلاب کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، خاص طور پر دریائے سندھ میں تربیلا اور کوٹری کے علاوہ باقی جتنے بھی سٹیشن ہیں وہاں پر اس وقت ہم درمیانے درجہ کے سیلاب میں ہیں۔ نوشہرہ میں دریائے کابل میں بھی نچلے درجہ کا سیلاب ہے۔ ڈیموں میں پانی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے جو کہ ہماری آنے والی فصلوں کی بیجائی کے موسم کے لئے ضروری ہے۔