پنجاب اسمبلی: ڈپٹی اسپیکر کی نشست بھی پی ٹی آئی کو مل گئی، واثق قیوم بلامقابلہ منتخب

320

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب میں حکومتی اتحاد کی جانب سے صوبائی اسمبلی کے لیے نامزد امیدوار واثق قیوم عباسی بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد نشست خالی تھی، جس پر حکومتی اتحاد اور اپوزیشن اتحاد کی جانب سے امیدوار نامزد کیا جانا تھا۔ حکومتی اتحاد کی جانب سے واثق قیوم عباسی کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مشاورت جاری رہی۔

تحریک انصاف کے رہنما راجا بشارت کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے تھے، تاہم کاغذات جمع کرنے کے مقررہ وقت شام پانچ بجے تک کسی نے کوئی کاغذات جمع نہیں کرائے، جس کے بعد حکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم عباسی کو بلامقابلہ پنجاب اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں اپوزیشن اتحاد کی جانب سے علی حیدر گیلانی کا نام زیر غور تھا، تاہم دونوں جماعتوں کی جانب سے کسی امیدوار کا حتمی طوتر پر نام سامنے نہیں آیا۔ اس دوران لیگی رہنما پیر اشرف رسول کی جانب سے علی حیدر گیلانی کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جانے کے باوجود کاغذات جمع نہیں کرائے جا سکے۔