خیبر پختونخوا میں اونچے درجے کا سیلاب، عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایات

404
floods

پشاور: کے پی کے میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورت حال نے خطرات پیدا کردیے۔ پی ایم ڈی اے کے مطابق دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے باعث قریب رہنے والوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ کل اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت اور اس کے قرب و جوار کے تمام علاقوں میں وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ اور دریائے جندی میں چارسدہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ دیگر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے دریاؤں کے کنارے یا اس پاس علاقوں کے مکینوں اور سیاحوں کو دریاؤں سے دور رہنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بارشوں اورسیلاب کے نتیجے میں12 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے جب کہ صوبے بھر میں 188 مکانات کوجزوی اور 99 کو مکمل نقصان پہنچا۔

ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ بندکوئی تحصیل پہاڑپور میں سیلابی ریلے کو آبادی کی طرف جانے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ بندسڑکوں کوبحال کر نےکےلیے اقدامات کررہی ہے۔