دعا ہے ہجری سال نو انسانیت کی خوشحال کی نوید بن کر آئے ،ڈاکٹر عارف علوی

330

اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ دعا ہے ہجری سال نو ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت خوشحالی کی نوید بن کر آئے ۔

ڈاکٹر عارف علوی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا ہجری سال نو 1444ھ/ 2022 کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یکم محرم الحرام سے اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1444 ھ کا آغاز ہو رہا ہے۔

میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہو ں کہ یہ ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلامی اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت ہو، آمین۔اسلامی ہجری سال دینی، ملی اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے۔ یہ مسلمانوں کو اس عظیم ہجرت کی یاد دلاتا ہے جس نے دنیا کا نقشہ بدل دیا۔

ہجری سال ہمیں یاد دلاتاہے کہ اسلام اور ایمان کے لئے اپنا گھر بار اور مال ودولت بھی چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دو، لیکن دین کو نہ چھوڑو۔مزید برآں ، محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت اور فضیلت ہے۔ اس میں ماہ خانوادہ رسول ؐکی عظیم الشان قربانیاں حق وباطل کے مابین کشمکش اور استقامت کا ابدی مظہر ہے ۔ اس میں مسلمانان عالم کے لیے درس ہے کہ کس طرح دین ِ اسلام کی سربلندی کے لیے ایک بند مومن کو حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے۔

یہاں تک کہ اللہ کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔ ماہ محرم امت ِ مسلمہ کے اندر حق و باطل سے متعلق صحیح فہم و شعور بیدار کرتا ہے اور جذبہ پیدا کرتا ہے کہ ایک سچے مسلمان کی زندگی کا مقصد رب العالمین کے دین کی سرفرازی ہے۔ اس کا ہر کام، اس کی تمام تر سرگرمیاں اسی مقصد کے تحت ہوتی ہیں۔ وہ اپنے قول و فعل سے دین اسلام کے سچے اور سارے انسانوں کے لیے سراپا رحمت ہونے کی شہادت دیتا ہے۔

ہجری سال کے آغاز کا اصل پیغام یہی ہے کہ انسان گذشتہ زندگی کا محاسبہ کرے اوراپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرے۔ جو افراد منصب ِ قیادت پر فائز ہیں ان کے لیے بھی محاسبے کا مقام ہے کہ انہوں نے امت کے ایک بڑے طبقے کی قیادت و رہنمائی کا منصب اپنے ذمے لیا اور پھر وہ کس حد تک اس منصب سے عہدہ برآہوسکے۔

میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ آنے والا ہجری سال ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ اور مامون ہو اور یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن وآشتی اور ترقی وخوشحال کی نوید بن کر آئے۔ آمین!