سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہو رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان

554

کراچی: حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہورہی ہے، فرانزک آڈٹ کرائیں پتہ چل جائے گا کس کس کو فنڈنگ ہورہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت شہر کی حالت بدترین ہورہی ہے، پورے شہر میں گڑھے پڑے ہوئے ہیں، سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کی سازش ہورہی ہے، لیاری، ڈیفنس سمیت پورا کراچی گندگی میں ڈوبا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرآئینی اور غیرقانونی طور پر کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگایا ہوا ہے اور رولز کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن ایکشن نہیں لے رہا۔

کے الیکٹرک پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا بنا ہوا ہے اس کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے۔ کوئی سیاسی پارٹی کراچی کے مسائل پر توجہ دینے کے لیے تیار نہیں الیکشن سے پہلے بھی شہرکی بری حالت تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایڈمنسٹریٹر سیاسی بنیاد پر بھرتی ہیں اور افسوس کی بات ہے صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہو رہی ہے۔ اس وقت ضروری ہے کہ فوری طور پر بلدیاتی الیکشن ہوں۔