وقت آگیا ہے نظامِ عدل اپنی توجہ مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے، عمران خان

396
Situations

اسلا م آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ نظامِ عدل اپنی توجہ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے۔

ملک بھر کی  اہم بار ایسوسی ایشنز کے صدور سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قومی ترقی کے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ ہے۔ پی ٹی آئی عدل و انصاف کے قیام کیلئے گزشتہ 26 سال سے سیاسی میدان میں متحرک ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے صدر شعیب شاہین، لاہور بار، فیصل آباد بار، سرگودھا بار سمیت پنجاب کی دیگر بار کے صدور شامل تھے، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، فرخ حبیب اور حسان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بار صدور نے آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے عمران خان کے ویژن اورپی ٹی آئی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں ملک میں قانون کی عملداری، ریاستی اداروں کے مابین اختیارات کی دستوری تقسیم کا جائزہ اور مقتدر سیاسی اتحاد کی جانب سے عدالت عظمی کے ججز کیخلاف نفرت آمیز مہم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ مافیاز نے اپنے تسلط کے دوام کیلئے ادارے تباہ، ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا، وقت آگیا ہے کہ نظامِ عدل اپنی توجہ قانون شکنوں اور مجرم اشرافیہ پر مرکوز کرے۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے آگے بڑھے اور کردار ادا کرے۔