سیلاب نے سندھ میں تباہی مچادی ، مزید 30 دیہات زیرآب، رابطہ سڑکیں تباہ

460

لاڑکانہ: بلوچستان سے تین روز کے اندر دوسرے بڑے سیلابی ریلے نے سندھ میں تباہی مچادی ، مزید 30 دیہات زیرآب آگئے اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر ڈوب گئیں،تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے دوسرا بڑا سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگیا ،

تین روز کے اندر داخل ہونے والے دوسرے ریلے سے تباہی میں اضافہ ہوا، سیلابی ریلوں سے قمبر شہداد کوٹ ضلع کے کاچھو کے علاقے متاثر ہوئے ، کاچھو کے مزید 30دیہات زیرآب آگئے اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر ڈوب گئیں،زیرآب دیہاتوں کی مجموعی تعداد 50سے تجاوزکرگئی ،

جس کے باعث متاثرہ افراد پہاڑوں اور بچا بند کے اوپر بیٹھنے پر مجبور ہیں جبکہ متاثرہ گاں میں علاج کی سہولت نہ ملنے پر70سالہ خاتون جاں بحق ہوئی،ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیلابی ریلوں اور بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،

آبپاشی، ہیلتھ اورریونیو سمیت تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، بچا بند پر قائم کیمپوں میں متاثرین کے لئے عارضی اسپتال قائم کردیا ہے، ڈی سی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں 200خیمے تقسیم کئے جاچکے ہیں اور کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کا کام جاری ہے۔