سیلاب متاثرین کیلیے پوری قوم ایک ہوجائے، ترجمان بلوچستان حکومت

348

کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے لیے پوری قوم کو ایک ہو جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے50ہزار مکانات تباہ ہوگئے ، 100سے زائد افراد سیلاب کی نذر ہوگئے۔ وزیراعظم نے بلوچستان سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔  لانگ ٹرم پلاننگ بنائیں گے کیونکہ اگلے سال پھربارشیں ہونی ہیں، یہ پلان 2 ماہ میں ترتیب دے دیا جائیگا۔

فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ  بلوچستان میں نقصان کا اندازہ ہم ابھی نہیں لگا سکتے، ابھی ہم ریسکیو اور ریلیف کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ مون سون کاسپیل جون سے شروع ہوا جو اب تک جاری ہے، بلوچستان کو اب بھی شدید بارشوں کا سامنا ہے جو سوچا بھی نہیں تھا، ہم ہرسال بارشوں کا رونا روتے ہیں، پتا نہیں گزشتہ حکومتیں کہاں سو رہی تھیں۔

ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نے تباہ کن صورتحال پر باہر سے ماہرین کو بلایا ہے، انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی میٹنگ ہوئی ہے ، وزیراعظم نے بلوچستان سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔