یاسین ملک کی صحت پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، رہائی کا مطالبہ

274

اسلام آباد: بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی۔حریت رہنما یاسین ملک کی جیل میں خرابی صحت پر پاکستان کا شدید احتجاج ،رہائی کا مطالبہ ،بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

 ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یاسین ملک کی اہلیہ کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کے نام لکھا گیا خط بھی بھارتی سفارتکار کو دیا گیا۔ یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارتی وزیر اعظم کو لکھے خط میں شوہر کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 یاسین ملک کی حالت اس ماہ کے شروع میں بھوک ہڑتال کرنے کے فیصلے کے بعد مزید خراب ہو گئی تھی، بھارتی ناظم الامور کو یاسین ملک پر تین دہائیوں پہلے پیش آنے والے واقعات پر تیار کردہ مزید دو جعلی کیسوں میں ملوث کرنے کے بھارتی حکام کے تازہ ترین اقدام پر پاکستان کی شدید مایوسی سے آگاہ کیا گیا، متعدد درخواستوں کے باوجود، یاسین ملک کو جاری مقدمات  میں ذاتی پیشی اور جرح کے ان کے قانونی حق سے انکار کر دیا گیا ہے۔

 یاسین ملک ایک بھارتی عدالت کی طرف سے ایک جھوٹے مقدمے کی سماعت کے بعد دہلی کی بدنام زمانہ  تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور  انصاف کے اس سنگین اسقاط پر سخت افسردہ ہیں، اپنے اختیار میں کوئی قانونی چارہ نہ ہونے کے باعث یاسین ملک نے 22 جولائی 2022 کو بھوک ہڑتال کی تھی۔

طویل عرصے سے جاری غیر قانونی قید، جعلی مقدمات میں ملوث کرنے، بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں غیر انسانی تشدد اور سیاسی انتقام کی بدترین شکلیں یاسین ملک کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی حالت پر  سنگین اثرات مرتب کر چکی ہیں، تشویشناک بات یہ ہے کہ جاری بھوک ہڑتال نے صورتحال کو اس قدر گھمبیر بنا دیا ہے کہ اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، صورتحال کی نزاکت اور یاسین ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صحت  کو مدنظر رکھتے ہوئے، بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ انہیں فوری طبی امداد فراہم کرے  اور انہیں فوری طور پر جیل سے رہا کرے، بھارتی حکومت جعلی الزامات کے تحت اس کی غلط سزا کو منسوخ کرے اور واپس لے۔