کے الیکٹرک حکومت کے ساتھ مل کر ٹیکس لگا رہی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

348

کراچی: جماعت اسلامی نے حکومت سے فوری طور پر ناجائز ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتیں کے الیکٹرک کوسپورٹ فراہم کررہی ہیں، کے الیکٹرک معصوم بن کرکہتا ہے کہ ٹیکس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، کے الیکٹرک حکومت کے ساتھ ملکر ٹیکس لگارہی ہے۔

ا میر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم جائز طریقے سے ٹیکس لگانے کے حامی ہیں، حکومت ناجائز ٹیکس فوری طور پرختم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں پر ٹیکس لگانے کے طریقہ کار پر اعتراض ہے کیونکہ تاجروں نےفکسڈ ٹیکس کیلئے باقاعدہ طریقہ کار بنانے کا کہا تھا لیکن حکومت نے بجلی کے بلوں میں فکسڈ ٹیکس لگا کربھیج دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کے ذریعے تاجروں پر ناجائز ٹیکس لگایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے مینڈیٹ لینے والوں نے اسے اون نہیں کیا اور کراچی کولاوارث بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالوں کی صفائی کیلئے اربوں روپے جاری ہوئے تھے لیکن وہ کہاں خرچ ہوئے کوئی نہیں جانتا، جس کی وجہ سے آج بستیاں ڈوبی ہوئی ہیں۔ ٹریفک جام کے دوران ڈکیتی کی وارداتیں ہوتی ہیں لیکن پولیس وی آئی پیز کو پروٹوکول دینے میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال بھی خراب ہے اور پولیس کا کام ہے کہ خاموش رہنے کے بجائے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن ملتوی کر کے کراچی کوایک بار پھر بلدیاتی قیادت سے محروم کرنے کی سازش کی گئی ہے۔