مہنگائی کے طوفان اور خراب معیشت سے ہر شہری پریشان ہے،محمد حسین محنتی

281

ٹنڈو آدم: امیر جماعت اسلامی سندھ سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ مہنگائی کا طوفان اور خراب معاشی صورتحال سے ہر شہری پریشان ہے۔ائی ایم ایف کی بجائی اللہ کی غلامی اختیار کرنے سے ہی ملک بحران اور عوام مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوثر مسجد میں منعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں قیم ضلع عبدالغفور انصاری بلدیاتی انتخابات، صدر الخدمت توحید شاھ نے الخدمت قربانی پروجیکٹ اور قیم شہر عبدالرحمان نے چرم قربانی مہم کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔

صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ، نائب امیر ضلع مشتاق عادل اور قائم مقام امیر حاجی نور حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور چھوٹے دکانداروں پر فکس ظالمانہ ٹیکس قابل مذمت ہے۔

پاکستان قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے قائم ہوا تھا مگر اللہ سے وعدہ خلافی کی وجہ سے آج مہنگائی، معیشت کی تباہی، بیروزگاری اور بارش سمیت قدرتی آفات سے دوچار ہیں۔صوبائی امیر نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک اور ایک نظریاتی و انقلابی تحریک ہے۔

ہمارے لیے انتخابات میں ہار جیت کوئی اہمیت نہیں رکھتی اصل بات دعوت حق کے لیے استقامت کے ساتھ کھڑا رہنا ہے۔ ٹنڈوآدم میں کارکنان نے جس طرح محدود وسائل، حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود جس جذبے کے ساتھ مقابلہ اور گھر گھر جاکر جماعت کی دعوت و پیغام پہنچایا وہ قابل تحسین ہے۔

اسلامی و خوشحال پاکستان اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ عوام نے ملک کی تمام پارٹیوں اور نظاموں کو آزمایا مسائل حل نہیں ہوئے اس لیے کہ اب حل تو صرف جماعت اسلامی ہے۔