ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی طرح ایشیا کپ میں بھی کارکردگی دکھائیں گے،بابر اعظم

309
No worries

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کا دورہ اچھا رہا، دوسرا ٹیسٹ میچ شفٹ ہونے سے زیادہ مشکل ہوئی جبکہ عبداللہ شفیق، آغا سلمان ، فاسٹ بولرز اور اسپنرز کی طرف سے بہت اچھی پرفارمنس رہی۔

 لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کے دورے کے دوران بہت سی چیزیں مثبت تھیں، دورے کے لیے بہت اچھی تیاریاں کی تھیں۔

بابراعظم نے کہا کہ پریکٹس میچ سے بہت فائدہ ہوا، سری لنکا کی کنڈیشنز کو سمجھنے میں آسانی ہوئی، پتا تھا گال میں گیند بریک زیادہ ہوتی ہے اس حساب سے تیاری کی۔

 کپتان نے کہا کہ دونوں ٹیسٹ میچز میں پوری ٹیم نے اچھا پرفارم کیا، بطورِ ٹیم اپروچ چینج کی ہے، سب کو کہا ہے مثبت سوچیں اور اپنا بہترین کھیل پیش کریں، ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش ہے، پوری ٹیم کوشش کرتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہر میچ یا سیریز کے بعد خامیوں پر قابو پانے کے لیے بات ہوتی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں پریشر کنٹرول کرنا ہی اہم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچھی پارٹنرشپ نہیں لگ سکی، ایک بڑی پارٹنرشپ سے مخالف ٹیم پر پریشر بڑھتا ہے، سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچھی بولنگ کی، بیک ٹو بیک کرکٹ ہے۔ بابراعظم نے یہ بھی کہا کہ ٹیسٹ سے ون ڈے کرکٹ میں جانے پر مائنڈ سیٹ چینج کرنا پڑتا ہے، نیدرلینڈز سیریز کے لیے چار پانچ دن بعد کیمپ شروع ہورہا ہے، کوشش ہے کہ تربیتی کیمپ میں پریکٹس میچ بھی کھیلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں ہم نے کافی کرکٹ کھیلی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اچھی پرفارمنس دی، کوشش کریں گے ایشیا کپ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔