پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آرمی چیف

304

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند کثیر تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔