عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد، جلد عام انتخابات کرانے کامطالبہ

489
imported government

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ہرانے کے لیے ہر حربہ آزمایا گیا لیکن ناکام رہے، ہماری حکومت ہٹانے کے بعد ہماری جماعت کو دبانے کا پروگرام بنایا گیا ، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ایک ہی راستہ ہے صاف اور شفاف الیکشن، نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے اور صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں ، چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔

بدھ کی رات اسلام آباد میں یوم تشکر کی تقریب کے موقع پر عوا می اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ہرانے کے لیے ہر حربہ آزمایا گیا لیکن ناکام رہے۔عمران خان نے کہا کہ تین ماہ پہلے ہماری حکومت کو ہٹا کر کرپٹ ترین لوگوں کو مسلط کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت ہٹانے کے بعد ہماری جماعت کو دبانے کا پروگرام بنایا گیا۔لیکن لوگوں نے اس کو تسلیم نہیں کیا بلکہ قوم بن کر اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوگئے۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن نے حمزہ سے مل کر ہمیں ہرانے کی کوشش کی۔عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو جب امپورٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کی کال دی تو ظلم کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے جس کی تشدد کی کوئی تاریخ نہیں۔عمران خان نے کہا کہ دو خاندان تو ملک ٹھیک نہیں کرسکتے تھے۔ اس لیے میں نے مقتدر حلقوں کو آگاہ کیا تھا کہ یہ ملک کی معیشت کو نہیں سنبھال سکتے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ایک ہی راستہ ہے صاف اور شفاف الیکشن۔عمران خان نے مطالبہ کیا کہ نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے اور صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔تاہم عدالتوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو مسترد کیا جس کا مطلب ہے کہ یہ ہمارے خلاف ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے حالات مشکل ہیں اور جتنی دیر یہ حکومت رہے گی مشکلات بڑھتی جائیں گی۔ ان ڈاکوں نے کل سپریم کورٹ کو برا بھلا کہا اور دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ سیاست دان ہر کسی کے ساتھ بات چیت کرتا ہے لیکن کبھی چوروں اور ڈاکوں سے بات نہیں کرتا۔ جب آپ چوروں اور ڈاکووں سے بات کریں گے تو ملک تباہ ہوجائے گا۔

عمران خان نے صوبہ پنجاب میں صحت کارڈ اور احساس پروگرام بحال کرنے اور راشن پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ راشن پروگرام سے تیل، گھی، آٹا، چینی وغیرہ کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ایک قوم بننے کی طرف جارہی ہے۔ یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ قوم کومبارکباد دیتاہوں ،ہمیں ہرانے کا ہرحربہ استعمال کیاگیا لیکن ناکام رہے، ضمنی الیکشن میں جس طرح لوگ نکلے اس عمل نے ثابت کردکھایا کہ عوام ایک قوم بن رہی ہے اور میں انہیں پہلی مرتبہ قوم بنتے دیکھ رہاہوں۔