معزز عدلیہ کے اختیارات کو محدود کرنے کی بات ناقابل فہم اور مایوس کن ہے، جماعت اسلامی

279

لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہو گا ۔حکومتی اتحاد کی جانب سے معزز عدلیہ کے اختیارات کو محدود کرنے کی بات ناقابل فہم اور مایوس کن ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے اندر اداروں کو بے توقیر کیا جا رہا ہے ۔

ان کاکہنا تھا کہ  مرضی کے فیصلوں کے لئے کبھی الیکشن کمیشن پر دبائو بڑھایا جاتا ہے تو کبھی عدلیہ پر ، ایسی صورتحال پیدا کرنے سے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی ہوش کے ناخن لیں ۔ دو ماہ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا ، لوگوں کی خرید و فروخت اور منڈیاں لگائی گئیں اس سے ملکی امیج کو عالمی سطح پر نقصان پہنچا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو جمہوری طرز پر چلانا ہو گا ، آمریت خواہ کسی بھی شکل میں کیوں نہ ہو قابل قبول نہیں ہوگی ۔معاشی پالیسیاں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہونی چاہییں اس پر حکومتوں کے آنے اور جانے سے فرق نہیں پڑنا چاہئے ۔ڈنگ ٹپائو اقدامات نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے اضافہ ہی کیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ملک وقوم کو جن گھمبیر قسم کی مشکلات کا سامنا ہے اس میں مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حکومتوں کا برابر کا حصہ ہے ۔کوئی بھی پارٹی خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتی۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں سیاسی و معاشی استحکام چاہتی ہے تاکہ منتخب لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع مل سکے ۔بد قسمتی سے جو بھی پارٹی بر سر اقتدار آئی اس نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔عوام کی حالت زار روز بروز ابتر ہوتی چلی جا رہی ہے۔