عدالتی حکم کے بغیر دعا زہرا کو پیش نہ کیا جائے،جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی

333

کراچی:جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دعا زہرا کی پیشی عدالتی احکامات سے مشروط کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو یکم اگست کو چالان جمع کرانے کا حکم دے دیاہے۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں دعا زہرا کیس کی سماعت ہوئی ، دعا زہرا کو عدالت میں پیش کیا گیا۔دورانِ سماعت عدالت نے ہدایت جاری کی کہ عدالتی حکم کے بغیر دعا زہرا کو پیش نہ کیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ دعا زہرا کو آج پیش کرنے کا حکم اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ سب ٹھیک ہے۔عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ اب جب تک عدالت حکم نہ دے دعا زہرا کو عدالت میں پیش نہ کیا جائے، جب ضرورت محسوس کریں گے، پیش کرنے کے احکامات جاری کریں گے۔

ظہیراحمد کے وکلاء نے کہا کہ دعا زہرا کو بھی وکیل کرنے کا موقع دیا جائے ، جس پر عدالت نے کہا کہ دعا سے ملاقات کی درخواست جب آئے گی اس وقت دیکھا جائے گا۔جس پر وکیل مدعی مقدمہ  نے کہاکہ ہم اس بات کی مخالفت کرتے ہیں کہ بچی کو وکیل کرنے دیا جائے،بچی سے جب پہلے لاہور میں ملاقات کرائی گئی ان گنت وکالت نامے سائن کرائے گیے، کچھ میڈیا حضرات جو ملزم کی فیملی کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں۔

وکیل مدعی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جسٹس اقبال کلہوڑو پر الزامات لگائے ہیں ، کہا جارہا ہے اپنے مائی باپ کو خوش کیا جارہا ہے ، ہم پہلے دن سے کہے رہے ہیں میڈیا کو دور رکھا جائے۔ظہیر کے وکلا نے دعا زہرا کا 164 کا اعترافی بیان قلمبند کرنے کی استدعا کردی، جبران ناصر ایڈوکیٹ نے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ لڑکی کی عمر کم ہے۔

عدالت نے دعا زہرا کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی،عدالت نے دعا زہرا کی پیشی عدالتی احکامات پر مشروط کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو یکم اگست کو چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔