کپتان بابراعظم، شاہین آفریدی اور عبداللہ شفیق نے اپنے کیرئیر کی بہترین ٹیسٹ رینکنگ حاصل کرلی

287

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، ٹیسٹ اوپنر عبداللہ شفیق اور فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ کرکٹ کی تازہ ترین درجہ بندی میں اپنے کیرئیر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ کی نئی عالمی رینکنگ میں کپتان بابراعظم ایک درجہ ترقی پاکر تیسرے بیٹر بن گئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل وہ چوتھی پوزیشن پر براجمان تھے۔

اسی فہرست میں نوجوان اوپنر عبداللہ شفیق نے 23 درجہ ترقی پاکر 16ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ وہ اس سے قبل بیٹرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں 39ویں نمبر پر موجود تھے۔

گزشتہ ہفتے سری لنکا کے خلاف گال میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نےاس ٹیسٹ کی پہلی اننگز جبکہ عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

ان کے علاوہ ٹیسٹ کی نئی بیٹرز رینکنگ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 20ویں، اظہر علی 24ویں اور امام الحق 64ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

باؤلرز کی نئی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیرئیر کی اب تک کی بہترین پوزیشن ہے۔ اس سے قبل بھارت کے جسپریت بمرا اس پوزیشن پربراجمان تھے۔ شاہین شاہ آفریدی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں بھی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

فاسٹ باؤلر حسن علی 13ویں ، لیگ اسپنر یاسر شاہ 32ویں اور محمد نواز 89ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔