قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

548

لوگ پوچھتے ہیں کہ ان کے لیے کیا حلال کیا گیا ہے، کہو تمہارے لیے ساری پاک چیزیں حلال کر دی گئی ہیں اور جن شکاری جانوروں کو تم نے سدھایا ہو جن کو خدا کے دیے ہوئے علم کی بنا پر تم شکار کی تعلیم دیا کرتے ہو وہ جس جانور کو تمہارے لیے پکڑ رکھیں اس کو بھی تم کھاسکتے ہو، البتہ اس پر اللہ کا نام لے لو اور اللہ کا قانون توڑنے سے ڈرو، اللہ کو حساب لیتے کچھ دیر نہیں لگتی۔ (سورۃ المائدۃ4:)

سیدنا براء بن عازبؓ سے روایت ہے کہ رسول اکرمؐ نے ہمیں مریض کی عیادت کرنے، جنازے کے ساتھ جانے، چھینکنے والے کی چھینک کا جواب دینے، قسم کو پورا کرنے، مظلوم کی مدد کرنے اور دعوت دینے والے کی دعوت کو قبول کرنے اور سلام پھیلانے کا حکم فرمایا۔ (بخاری و مسلم) … سیدنا ابو موسیٰ اشعریؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرمؐ نے فرمایا: ’’مریض کی عیادت کرو اور بھوکے کو کھانا کھلائو اور قیدی کو رہائی دلائو‘‘۔ (بخاری)