کراچی میں پانی کا بحران، 22 کروڑ گیلن پانی کی سپلائی بند

429

کراچی : بارشوں کی وجہ سے کراچی میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہوگیا ۔ نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشن سے 22 کروڑ گیلن پانی کی سپلائی بند کردی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے زیر زمین کیبل کٹ جانے کی وجہ سے پمپنگ اسٹیشن سے سپلائی اتوار سے بند ہے،

این ای کے پمپنگ اسٹیشن سے ضلع وسطی اور شرقی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ ضلع وسطی اور شرقی کے اکثر پمپنگ اسٹیشن پانی سے محروم ہوگئے ہیں، پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی سپلائی معطل ہونے سے سخی حسن ہائیڈرنٹ بھی بند ہوگیا جبکہ پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث نیپا پمپنگ اسٹیشن دو روز سے بند ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں پانی نہ تو لائن سے آرہا ہے نہ ہی واٹر ٹینکر سے دیا جارہا ہے، حب کینال میں شگاف کی وجہ سے منگھوپیر کرش پلانٹ ہائیڈرنٹ کو بھی سپلائی بند ہے۔ اس کے علاوہ منگھوپیر ہائیڈرنٹ بند ہونے سے ضلع غربی میں واٹر ٹینکر سروس معطل ہوگئی

اور راستہ خراب ہونے کی وجہ سے لانڈھی شیر پا کالونی کا ہائیڈرنٹ بھی بند ہوگیا۔ واضح رہے کہ لانڈھی شیر پا کالونی ہائیڈرنٹ کی بندش سے ضلع کورنگی اور جنوبی میں واٹر ٹینکر سروس بھی متاثر ہے۔