منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی درخواست منظور

227

لاہور: احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نمبر 9 کے جج قمر الزمان نے منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کی، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پیش نہیں ہوئے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے وکلا کی جانب سے انکی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔

 عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔

منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف، حمزہ شہباز سمیت ٹوٹل 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، نیب ریفرنس میں شہباز شریف ،سلمان شہباز ،حمزہ شہباز، رابعہ شہباز ،نصرت شہباز کو فریق بنایا گیا ہے۔

شریف فیملی سمیت دیگر پر 7 ارب 32 کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام عائد ہے، شہباز شریف پر 5 ارب سے زائد منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر ایک ایک ارب تک کے اثاثے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔