راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ملزمان کی فائرنگ سے اہلکار شہید

304
lands failed

راولپنڈی: تھانہ جاتلی کے علاقے دولتانہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی میں دہرے قتل کےملزمان کی گرفتاری کے لیے  تھانہ دینہ جہلم پولیس نے چھاپا مارا۔ ملزمان نے چھاپا مار کارروائی کے دوران پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں  ایک پولیس اہلکار شہیددوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 302 کے مقدمے میں مطلوب تھے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد تعاقب کے دوران سوہاوہ کے علاقے میں ملزمان اور پولیس کا دوبارہ آمنا سامنا ہوا، اس موقع پر فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان عاقب اور فرمان جن کا تعلق مردان سے بتایا جاتا ہے، ہلاک ہو گئے جب کہ دو فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل گوجرخان، طاہر کاظمی بھی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس کے شہیداہلکار کی شناخت ذیشان ایوب اور زخمی کی شناخت ہمایوں ممتاز کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی کو آر ایچ سی دولتالہ لایا گیاہے، جہاں سے اُسے ابتدائی طبی امداد کے بعد راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی عمران احمر سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے شہید کانسٹیبل ذیشان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جیسے فرض شناس اہلکار و افسران  محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے زخمی ہیڈ کانسٹیبل ہمایوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔