گال ٹیسٹ: آغا سلمان کی نصف سنچری،گرین شرٹس فالو آن سے بچنے میں کامیاب

526

گال: گال ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دھوکہ دے گئی اور سری لنکا کی پہلی اننگز378رنز کے جواب میں قومی ٹیم آغا سلمان کی نصف سنچری کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں فالو آن سے بچنے میں کامیاب ہو گئی۔

پاکستان نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 7وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنالئے ہیں اور اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 187رنز درکار ہیں۔یاسر شاہ 13رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ آغا سلمان62،امام الحق32،محمد رضوان اور فواد عالم24،24اور کپتان بابر اعظم16رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

پیرکوگال میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے 315رنز 6 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو نروشن ڈکویلا اور دونیتھ ویلاگے وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کو دوسرے دن صبح وکٹ کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اور نسیم شاہ نے ویلاگے کو چلتا کر کے سری لنکا کو ساتواں نقصان پہنچایا۔

ڈکویلا نے نصف سنچری مکمل کی لیکن 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ بھی نسیم شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔سری لنکا کی آخری دونوں وکٹیں یاسر شاہ نے حاصل کیں لیکن اس سے قبل ان دونوں وکٹوں نے قیمتی 45 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی اچھے اسکور تک رسائی یقینی بنائی۔سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 3، 3 جبکہ محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔