فرحت اللہ بابر کی سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز، بلاول کی حمایت

415

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے ججز تقرریوں اور پروموشنز کے حوالے سے سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دے دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق فرحت اللہ بابر نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور حکومتی اتحاد کو سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ ارکان پارلیمنٹ اور پی ڈی ایم آئین کا آرٹیکل 191 پڑھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 191 کے تحت سپریم کورٹ عدالتی کارروائی کا طریقہ کار طے کرتی ہے۔

دوسری جانب وزیرخارجہ و چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فرحت اللہ بابر کا ٹوئٹ ری ٹوئٹ کیا۔ اس کے علاوہ اپنی ٹوئٹس میں فرحت اللہ بابر کا کہنا تھاکہ ججوں کی نامزدگیوں اور ترقیوں کا موجودہ نظام عدلیہ کو صرف ججوں کے لیے اور ججوں کے تابع بناتا ہے، اس تاثر کو مستحکم نہیں ہونے دیا جانا چاہیے اور اس بیان کا مقصد کسی کی تذلیل کرنا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ جسٹس فائز عیسیٰ کا حالیہ خط بھی اس حوالے سے ایک اپیل ہے۔

پی پی رہنما کا کہنا تھاکہ 18 ویں ترمیم میں ججوں کی تقرریوں کا طریقہ کار وضع نہ کرنا پارلیمان کی غلطی تھی جبکہ 19 ویں ترمیم میں عدالتوں کے احتساب کو مزید کمزور  بنانا بھی پارلیمان کی غلطی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 سال کا تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ ججوں کی تقرری کے طریقہ کار میں ترمیم کی ضرورت ہے، باہمی لڑائی کی بیماری صرف پارلیمان اور سیاستدانوں تک محدود نہیں دیگر اداروں تک پھیل گئی ہے، معاشرے اور اداروں تقسیم کا شکار ہو رہے ہیں، افسوس سے زیادہ یہ خطرناک امر ہے۔