حب ڈیم میں پانی کی سطح مکمل بھرنے سے بھی اوپر چلی گئی

640

کراچی اور بلوچستان کے علاقوں کو پانی فراہم کرنے والے بلوچستان کے حب ڈیم میں پانی کی سطح مکمل بھر جانے کے نمبر 339 فٹ سے بھی ساڑھے تین فٹ بلند ہوگئی۔حب ڈیم کے اسپل ویز سے پیر کو پانی کا انتہائی غیر معمولی اخراج ریکارڈ کیا گیا جس سے حب ندی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور انتظامیہ نے علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی۔واپڈا ذرائع کے مطابق پیر کی رات حب ڈیم میں سطح آب 342 سے 343 فٹ کے درمیان تھی، یہی وجہ ہے کہ اسپل ویز سے پانی کافی تیزی سے خارج ہو رہا ہے اور ندی میں سیلابی صورتحال ہے، حب ندی کے اطراف کی آبادیوں سے لوگوں کا انخلا کرنا پڑا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق حب ندی میں پانی کا بہاؤ بہت تیز رہا، حب ڈیم سے اوور فلو ہونے والا پانی بند مراد کے مقام پر کراچی کیلئے بنی نئی سڑک کے پل کی گنجائش سے زائد تھا، یہ زائد پانی پل سے اوور فلو ہوکر سڑک کو کاٹتے ہوئے پھر ندی میں گر رہا تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق رات گئے اس پانی میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا اور آخری وقت تک حب ندی میں اونچے درجے کے سیلاب ہے۔