بجلی کی بلوں میں ناروا اضافے کے معاملے پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔ سردار عتیق احمد خان

389

مظفرآباد: آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بجلی کی بلات میں اضافی ٹیکسوں کے معاملے پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔

آزادکشمیر کے عوام کی تیاری اور پن بجلی کے منصوبوں کی وجہ سے خصوصی رعایت حاصل ہونی چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی بلوں میں ناروا اضافے کے خلاف آزادکشمیر کے عوام کا احتجاج اور غصہ جائز ہے۔

آزادکشمیر کے عوام نے بجلی کی پیداوار کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ان قربانیوں کے بدلے میں یہاں کے لوگوں کو رعائتی نرخوں پر بجلی ملنی چاہیے۔ سب لوگوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کو مل کر آزادکشمیر کے عوام کو خصوصی ریلیف دینا چاہیے۔ یہ دنیا کااصول ہے کہ کسی بھی پیدوار میں مقامی آباد ی کو خصوصی رعایت اور سہولت حاصل ہوتی ہے۔اسی اصول کا اطلاق بجلی کے معاملے پر بھی ہوناچاہیے۔

بجلی بلات میں اضافی ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے، غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہے اور انتہائی مشکلات میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہے ،اوپر سے یہ اقدام سراسر ظلم وزیادتی ہے