پی ٹی آئی اور ق لیگ نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا

532

لاہور: پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف تحریک انصاف اور ق لیگ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پرویزالٰہی، شاہ محمود، اسد عمر، شفقت محمود ، عمر ایوب ، علی امین گنڈا پور سمیت دیگر نے شرکت کی۔تحریک انصاف اور ق لیگ نے ڈپٹی اسپیکر کا فیصلہ مسترد کر دیا اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھاکہ آج رات ہی سپریم کورٹ جائیں گے، تحریک انصاف کے 186 ارکان ابھی سپریم کورٹ جائیں گے۔ خیال رہے کہ ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے جبکہ پرویز الہیٰ کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے رولنگ دی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ق لیگ کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔