محرومیوں کے ازالے کیلیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، لیاقت بلوچ

329
stakeholders

نیلم: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ محرومیوں کے ازالے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ تحریک آزادی کشمیر کو دیوار سے لگانے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش زور پکڑ رہی ہے پوری قوم اتحاد و یکجہتی سے سازش کو ناکام بنائے ۔

نریندرمودی کے 5اگست2019ءکے مذموم اقدامات کے نتیجے میں کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی ،اس حوالے سے آزادکشمیر کی حکومت و قیادت بھی اس لحاظ سے قصوروار ہے کہ جو اپنے بیس کیمپ اور خطہ میں تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی میں موثر کردار ادا نہ کرسکی ۔تحریک آزادی کشمیر کو دیوار سے لگانے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش زور پکڑ رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔

بے پنا ہ محرومیوں کے باوجود نیلم سمیت آزادکشمیر کے عوام اسلام اورپاکستان سے محبت رکھتے ہیں جذبہ غیرت سے سرشار ہیں اگر کوئی یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہ بھی کرے تو جماعت اسلامی پاکستان اور جماعت اسلامی آزادکشمیر آپ کی پشتیبان اور محافظ ہے ،آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دورہ وادی نیلم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائمقام امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ،مرکزی سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان،امیر ضلع اپر نیلم محمد الطاف،امیر ضلع لوہر نیلم عنایت علی قاسمی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔