وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دیں، آصف زرداری

512

لاہور:  تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) پر مشتمل پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد نے 22جولائی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں اپنے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی کامیابی کے لیے حکمت عملی طے کر لی ہے،چودھری شجاعت حسین نے مسلم لیگ کے ق کے ارکان صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دیں۔

سابق صدر زرداری کی مسلم لیگ قاف کے سربراہ سے لاہور میں ان کے گھر ملاقات ہوئی۔ چودھری شجاعت نے کہا وزارت اعلی کے انتخاب میں قاف لیگ کے تمام ایم پی ایز چودھری پرویز الہی کو ووٹ دیں گے۔ پرویز الہی کا پنجاب کا وزیر اعلی بننا سیاست کیلئے نیک شگون ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کے اپوزیشن کے کچھ ارکان کو اسمبلی اجلاس میں شرکت سے روکنے کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان کو ممکنہ گرفتاریوں اور حکومتی حربوں سے بچانے کے لیے اجلاس سے قبل محفوظ مقامات پر اکٹھے رکھنے کا پروگرام بنایا گیا ہے تاکہ اپوزیشن ارکان حکومتی دسترس سے دور رہیں ۔

گزشتہ روز آصف زرداری مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور شہباز شریف کی رہائش گاہ پر حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا، چوہدری شجاعت کو چوہدری پرویز الہٰی کو منانے کے درخواست کی۔

اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آپ کے تعاون سے ہی حکومت آگے چل سکتی ہے، میں چوہدری پرویز الہیٰ کو حکومتی امیدوار بنانے کے لیے وزیر اعظم سے بات کرنے کو تیار ہوں ورنہ آپ حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے میں سپورٹ کریں اور پارٹی کے ارکان کو انہیں ووٹ دینے کی ہدایت کریں، چوہدری شجاعت حسین نے اس پر خاموشی اختیار کی۔